فیس بک کی الیکشن کمیشن کو انتخابات سے متعلق خصوصی ٹرینڈ بنانے کی پیشکش

سماجی روابط کی معروف ویب سائٹ فیس بک کی انتظامیہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے خصوصی ٹرینڈ بنانے کی پیشکش کردی۔

تفصیلات کے مطابق فیس بک انتظامیہ نے انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رابطہ کیا جس میں فیس بک نے 25 جولائی کے انتخابات کے حوالے سے خصوصی ٹرینڈ بنانے کی پیشکش کی۔ اس حوالے سے فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر سیاسی جماعتوں کے جعلی پیجز کے خاتمہ میں الیکشن کمیشن کی مدد کرسکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 25 جولائی (ووٹرز ڈے) سمیت اہم دنوں کے حوالے سے فیس بک الیکشن کمیشن کی تشہیری مہم بھی چلائے گا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن کا تاحال فیس بک پر کوئی آفیشل پیج نہیں ہے تاہم فیس بک کی پیشکش کے بعد الیکشن کمیشن کا آفیشل پیج بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے آئی ٹی ونگ نے سفارشات چیف الیکشن کمشنر کو ارسال کردیں ہیں، الیکشن کمیشن چیف الیکشن کمشنر سے حتمی منظوری کے بعد فیس بک انتظامیہ کو جواب دے گا۔