جناح اسپتال کےگائنی وارڈسےجعلی خاتون ڈاکٹرگرفتار

کراچی : جناح اسپتال کے گائنی وارڈ کے عملے کی نشاندہی پر جعلی خاتون ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے گائنی وارڈ نمبر 1 میں ایک سال سے مریضوں کو دھوکا دینے والی جعل ساز گائنی ڈاکٹر کو وومن پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

ملزمہ کو عملے کی اطلاع پر گرفتار کیا گیا۔

ایس ایچ او وومن سیدہ غزالہ کے مطابق پولیس جب موقع پر پہنچیں تو ڈاکٹر گاؤن پہنے خاتون گائنی وارڈ کے اندر موجود تھی۔ جسے ابتدائی تفتیش کے بعد غیر تسلی بخش جواب دینے پر گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

خاتون کے بیگ کی تلاشی کے دوران بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن چیک کرنے والے آلات کے علاوہ کچھ مشکوک ادویات بھی ملیں۔

پولیس کے مطابق ملزمہ عائشہ زوجہ عبدالکریم کورنگی کی رہائشی ہے۔ جو کہ میٹرک پاس ہے جس کے پاس لیڈی ہیلتھ وزیٹر یا دائی ہونے کا کوئی سرٹیفکیٹ بھی نہیں ہے۔

ملزمہ کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 419 اور 170 کے تحت 2/2018 درج کرلی گئی ہے جس میں اسپتال کے سیکورٹی گارڈ محمد اسلم مدعی ہیں۔