وہ پارٹی لوگوں کو روٹی کپڑا مکان کیا دے گی ، جو جسم پر موجود کپڑے پھاڑ دے : عامر لیاقت

مشہور اینکر پرسن ڈاکٹر عامر لیاقت کا کہنا ہےکہ پیپلز پارٹی والے لوگوں کو روٹی کپڑا مکان کیا دیں گے جو جسم پر موجود کپڑے پھاڑ دیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات عامر لیاقت حسین پھٹے ہوئے کپڑوں کے ساتھ عزیز بھٹی تھانے پہنچ گئے جہاں انہوں نے شکایت درج کرائی ہے کہ پیپلز پارٹی کے غنڈوں نے مجھ پر حملہ کیا، مجھے ماں بہن کی گالیاں دیں اور میرے کپڑے پھاڑ دیئے ۔


عامر لیاقت نے طنزاً کہا کہ پیپلز پارٹی لوگوں کو روٹی کپڑا مکان کیا دیں گے جو جسم پر موجود کپڑے پھاڑ دیں ،انہوں نےکہا صورت حال پرپی ٹی آئی کے کارکنان عزیز بھٹی تھانے کے باہر مشتعل ہیں ، اگر گریبان پھاڑنے والوں کو بھاگنے دیا گیا تو صورت حال بے قابو ہوجائے گی۔
عامر لیاقت کی شکایت پرعزیز بھٹی تھانے میں موجود ڈیوٹی افسر کا کہنا تھا کہ شکایات دونوں جانب سے ملی ہیں تاہم مقدمہ کا اندراج تحقیقات مکمل کرنے کے بعد کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گلشن اقبال کے حکیم سعید گراؤنڈ میں  پر دونوں جماعتوں کی جانب سے جلسے کی تیاریاں جاری تھیں اور دونوں کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اس گرائونڈ میں جلسہ کرنے کی پہلے اجازت طلب کی تھی،پیپلز پارٹی کاکہنا ہے کہ تحریک انصاف جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کررہی ہے، ہماری درخواست موجود ہے اگر پی ٹی آئی نے درخواست دی ہے تو ثبوت دیں۔

مزید پڑھیے : حکیم سعید گراؤنڈ میں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان الجھ پڑے