فاروق ستار نے اپنے میئر پر 6 ارب روپے کی کرپشن کا الزام لگایا، مصطفیٰ کمال

Mustafa-Kamal

کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ فاروق ستار نے اپنے میئر پر 6 ارب روپے کی کرپشن کا الزام لگایا ہے۔

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کے جاری کردہ بیان میں کہنا تھا کہ کراچی سے خوف ختم ہوگیا ہے اور اللہ پاک نے ہماری سب باتوں کو سچ ثابت کر دیا ہے۔ کراچی کےعوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پی ایس پی  کو الیکشن میں زیادہ ووٹ ملیں گے اور قوم کے بھٹکے ہوئے نوجوانوں کو سیدھا راستہ دکھانے آیا ہوں۔کسی کی ہاری ہوئی سیٹ کو کوئی جتوا نہیں سکتا ہے اور عوام کی ہم سے امید ہے کہ آئیں اور حالات بہترکردیں۔

سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ فاروق ستار نے اپنے میئر پر 6 ارب روپے کی کرپشن کا الزام لگایا ہے اور ہماری جیت سے کسی کی ہارنہیں ہوگی۔ ہماری جیت سے مہاجر، پنجابی، بلوچی، سندھی کی جیت ہوگی جبکہ آج لیاری اور رنچھوڑ لائن والوں میں کوئی لڑائی نہیں ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پی ایس پی کی وجہ سے لوگ آپس میں مل گئے ہیں اور اب مہاجر لڑکے بھاگتے نہیں پھر رہے ماں باپ کی خدمت کر رہے ہیں۔ یہ شہر تباہ ہوگیا تھا، نسلیں برباد ہوگئیں تھیں اور میں نے فاروق ستار سے لائیو پریس کانفرنس میں معافی مانگی تھی۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ 70 لاکھ لوگوں کو کم کیا گیا ہے اور کراچی کے ایک ڈسٹرکٹ سینٹر کے حلقے کی تعداد 2 لاکھ 93 ہزار ہے۔ عوام نے سب کو ووٹ دے کر دیکھ لیا اب ووٹ پی ایس پی کو ہی ملےگا۔

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ دن رات ایک کرکے لوگوں کی مشکلات کو کم کریں گے اور ہم کسی سے نہیں ڈرتے صرف اللہ سے ڈر کرعوامی خدمت کر رہے ہیں۔