فاروق ستار کا 4 مئی کا جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان

کراچی: ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے 4 مئی کا جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔

ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ٹنکی گراؤنڈ سے بہادر آباد جانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجروں کے روشن مستقبل کے لیے اپنا جلسہ منسوخ کردیا ہے اور مسئلہ نہ عامرخان کا تھا اور نہ کامران ٹیسوری کا ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ فیصل سبزواری ایک جلسہ کرنے کا پیغام لے کر آئے تھے اور ہمیں ملکر مظلوموں کے حقوق کی جنگ لڑنی چاہیے۔ یہ مسئلہ میرا یا خالد مقبول صدیقی کا نہیں ہے بلکہ پی ایس پی کو بھی سمجھنا ہے۔

ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پی ایس پی کے حق میں بات کرنے پر کارکنوں نے ناراضگی کا اظہار کیا اور ایک جلسہ ہو جائے تو 90 فیصد پی ایس پی ایم کیوایم میں واپس ہوگی۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کامران ٹیسوری کا ہے نہ عامر خان کا ہے بلکہ مسئلہ مہاجر قوم کا ہے اور مہاجر قوم کے اتحاد کو بچانا ہوگا۔ مہاجر یکجہتی کے بغیر پانی، بجلی، نکاسی، تعلیم، صحت کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔