وزیراطلاعات سے انفارمیشن گروپ کے افسران کی ملاقات

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری سے انفارمیشن گروپ کے افسران نے ملاقات کی۔ ملاقات میں افسران نے وزیر اطلاعات کو پیشہ ورانہ امور میں مشکلات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا انفارمیشن گروپ کے افسران سے کہنا تھا کہ بیانیے کی جنگ کیلئے گروپ کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ عصر حاضرمیں دلیل اور منطق کا بیانیہ کارگر ثابت ہوتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اداروں کو مزید مضبوط، فعال بنائیں گے اور وزارت اطلاعات کے افسران صلاحیتیں ریاستی بیانیے کی ترویج کیلئے بروئے کار لائیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ افسران پبلسٹی کے جدید آلات خصوصاً سوشل میڈیا میں مہارت حاصل کریں جبکہ انفارمیشن گروپ نے وزیرِ اطلاعات کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور فواد چوہدری نے مسائل کے حل کے لیے مکمل حمایت کی یقین دہانی کی۔