سابق چیف سیکریٹری فضل الرحمان کو سندھ کا نگراں وزیراعلیٰ بنانے پراتفاق

کراچی: سندھ میں حکومت اور اپوزیشن جماعت نے سابق چیف سیکریٹری سندھ فضل الرحمان کو نگراں وزیراعلیٰ بنانے پر اتفاق کرلیا ہے۔

مراد علی شاہ نے خواجہ اظہار الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق چیف سیکریٹری فضل الرحمان کو نگراں وزیراعلیٰ نامزد کیا۔ انکا کہنا تھا کہ میں نے اور اپوزیشن لیڈر نے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے کئی نام تجویز کیے تھے جن کا ذکر میڈیا میں نہیں کیا جب کہ نگراں وزیراعلیٰ کے لیے سامنے آنے والے ناموں میں سے انتخابات مشکل تھا مگر ایک نام دینا ضروری تھا۔ اور سوچ بچار اور باہمی مشاورت کے بعد سابق چیف سیکریٹری فضل الرحمان کے نام پر اتفاق ہوگیا ہے۔

خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ دوسرے صوبوں میں نام آکر مسترد ہوتے رہے لیکن ہم نے سب صوبوں سے بہتر انداز میں نگراں وزیراعلیٰ پر اتفاق کیا جب کہ نگراں وزیراعلیٰ کے لیے سب ہی نام محترم تھے۔ ہم نے آئندہ انتخابات کے لیے بہترین نگراں وزیراعلیٰ کے اانتخاب کیا ہے۔ فضل الرحمان اچھے بیوروکریٹ رہے ہیں وہ حکومتی امور بہتر طور پر انجام دے سکتے ہیں ۔

واضح رہے کہ نامزد نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان صوبے کے چیف سیکریٹری کے عہدے پر تین سال سے زائد عرصے تک خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ علاوہ ازیں ذوالفقار آباد منصوبے کے ایم ڈی ، بورڈ آف ریونیو سمیت کئی انتظامی محکموں کے سربراہ رہے اور دوران ملازمت غیر متنازع افسر کے طور پر جانے جاتے تھے۔