فیفا 2018: ڈنمارک اور آسٹریلیا کا میچ ایک ایک گول سے برابر

ماسکو : روس میں جاری فیفا کے 21 ویں ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں روزانہ کی  بنیاد پر مقابلے جاری ہیں، آج کے پہلے میچ میں ڈنمارک اور آسٹریلیا کا میچ ایک ایک گول سے برابر ہوگیا۔

ڈنمارک اور آسٹریلیا  کا میچ روس کے جنوب مغربی شہر سمارا میں کھیلا گیا، میچ  کے  ساتویں منٹ میں ڈنمارک کے کرسٹیان ایرکسن نے پہلا گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی۔

میچ کے 38 ویں میں ڈنمارک کی برتری اس وقت ختم ہوئی جب ڈینش کھلاڑی کی غلطی کے باعث آسٹریلین ٹیم کو پنالٹی ملی جس پر مائل جیڈینک نے گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کر دیا۔

کھیل کے دوسرے ہاف میں بھی سنسنی خیز مقابلہ جاری رہا، دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کی گول پوسٹ پر تابڑ توڑحملے لیے  لیکن کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی ، آخر کار  مقابلہ 1-1 سے برابری پر ختم ہوا۔

آج  کا دوسرا میچ  فرانس اور پیرو  کے درمیان شب 8  جبکہ ارجنٹائن اور کروشیا  کے درمیان شب 11 بجے کھیلا جائے گا۔

گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پرتگال نے مراکش کو 0-1سے شکست دی ، یوروگوئے  نے سعودی عرب کو ایک صفر سے اور اسپین نے ایران کو 0-1 سے شکست دی تھی۔