فیفا ورلڈکپ 2018: آج انگلینڈ اور بیلجیئم کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی

سینٹ پیٹرزبرگ: روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں آج انگلینڈ اور بیلجیئم کی ٹیمیں تیسری پوزیشن کے لیے مدمقابل ہوں گی اور میچ شام 7 بجے کھیلے جائے گا۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2018 کی ٹرافی کا فائنل 15 جولائی اتوار کو فرانس اور کروشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز میں شکست کا سامنا کرنے والی دونوں ٹیمیں انگلینڈ اور بیلجیئم کے پاس گھر جانے سے قبل فتح پانے کا یہ آخری موقع ہے۔

دونوں ٹیموں کی کی کوشش ہے کہ وہ تیسری پوزیشن کے لیے جیت کر وطن واپسی لوٹے۔

یاد رہے کہ پہلے سیمی فائنل میچ میں فرانس نے بیلجیئم کو 0-1 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔ میچ کے پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا جبکہ دونوں ٹیموں کی جانب سے ابتدائی لمحات سے ہی ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کے لیے تابڑ توڑ حملے کیے گیے تھے۔ لیکن پہلے ہاف کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔

ایونٹ کے اہم ترین میچ کے دوسرے ہاف میں کھیل کے 51ویں منٹ میں فرانس کے کھلاڑی سیموئل نے بیلجیئم کے خلاف پہلا گول کرکے ٹیم کو 0-1 کی برتری دلوائی جو کھیل کے ختم ہونے تک برقرار رہی تھی۔

دوسرے سیمی فائنل میچ میں کروشیا نے انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ دوسرے سیمی فائنل میچ کا آغاز تیزرفتاری سے ہوا تھا۔ انگلینڈ کی جانب سے پہلا گول کیرن ٹریپئر نے 5ویں منٹ میں کیا اور اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلوائی تھی۔

میچ کے پہلے ہاف میں انگلینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل رہی لیکن ایونٹ کے اہم ترین میچ کے دوسرے ہاف میں کھیل کے 68ویں منٹ میں کروشیا کے کھلاڑی پیریسچ نے گول کرکے اسکور 1-1 سے برابر کردیا تھا۔

کروشیا اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا سیمی فائنل میچ 1-1 سے برابر رہا۔ جس کے بعد میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے دونوں ٹیموں کو 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا اور میچ کے اضافی وقت میں 15،15 منٹ کے 2 ہاف دیے گئے لیکن اضافی وقت کے پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہیں کرسکی۔

اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں کروشیا کے کھلاڑی اسٹرائیکر ماریو مانڈزوکک نے گول کرکے اسکور 1-2 کردیا اور میچ کے اختتام تک برقرار رکھا تھا۔