پی ایس ایل کے پاکستان میں ہونے والے میچز کی تیاریاں مکمل

کراچی: پاکستان سپرلیگ سیزن تھری کے پاکستان میں شیڈول میچز کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے دو میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز سے چار روز قبل گراؤنڈ کے اطراف موجود دکانیں ، شادی ہالز اور ریستوران بند کردیے جائیں گے جب کہ 19 مارچ کو سیکیورٹی ریہرسل کی جائے گی۔

دوسری جانب پی ایس ایل کے فائنل میچ کے لیے کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے جب کہ ذیلی انتظامیہ اور کےایم سی نے سندھ حکومت سےمالی مددمانگ لی ہے۔

رپورٹس کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ نے سی ایم سندھ کوسمری ارسال کردی ہے جس میں کےایم سی انتظامیہ نے صوبائی حکومت سے 13کروڑکی مالی معاونت طلب کی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ شہر قائد میں آنے والی ٹیم کے راستوں پرروشنی،فیول اور جنریٹرکا انتظام ضروری ہے اور ساتھ ہی پارکنگ،سیکیورٹی،باتھ روم اور میڈیکل کیمپس کےلئے30 کروڑ روپے درکار ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل تھری کے 2 میچز 20 اور 21 مارچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جب کہ ایونٹ کا فائنل میچ  کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 25 مارچ کو کھیلا جائے گا۔