کسی سے کوئی ناراضگی نہیں، میں ٹیم کاحصہ ہوں، محمدحفیظ

لاہور: قومی ٹیم کے آل راؤنڈر پلیئر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ میری کسی سے کوئی ناراضگی نہیں ہے اور میں ٹیم کا حصہ ہوں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور میری کسی سے کوئی ناراضگی نہیں ہے۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی روزسے میرے کیریئر پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ میں ٹیم کا حصہ ہوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا جو بھی فیصلہ ہوگا میں اس کے ساتھ ہوں۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میں صرف اورصرف عزت کے لیے کرکٹ کھیلتا ہوں۔ قائداعظم ٹرافی کھیلوں گا اور اچھی کارکردگی دکھاؤں گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایشیا کپ 2018 کے لیے 16 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ ایشیا کپ کے لیے اعلان کردہ قومی ٹیم کے اسکواڈ میں عماد وسیم اور محمد حفیظ کا نام شامل نہیں کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا 20 لوگوں کا اسکواڈ ہے جو ہم ورلڈ کپ تک دیکھ رہے ہیں۔ محمد حفیظ 20 سے 22 لوگوں میں شامل ہیں اور شان مسعود بھی اس میں شامل ہیں۔ ہم نے اس دفعہ کہا کہ شان مسعود کو موقع دے کر دیکھیں کہ وہ کیسا چلتے ہیں جبکہ حفیظ بھی اچھا پلئیر ہے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کا بولنگ کا بھی مسئلہ ہے لیکن ہمارے پاس دوسرے اور اوپشنز ہیں تو ابھی یہ کرکٹ ایشیا کپ نہیں  بہت ساری کرکٹ ہے کیونکہ ہم اس میں تھوڑی سی چیزیں دیکھنا بھی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ کا کیئریر بلکل بھی ختم نہیں ہوا ہے اور ہم لوگوں کو سلیکٹ کرتے ہیں۔ ہمارے پاس بلکل بھی حق نہیں ہے کہ میں کہو کہ کسی کا کیئریر ختم ہوگیا ہے۔