موسم برسات میں جلد کی حفاظت کیسے کی جائے ؟

rain-skin-care

کوئی بھی موسم ہو خواتین کو اپنی جلد کی خوبصورتی اور رعنائی کی فکر لاحق ہوتی ہے اور ان کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ وہ جواں اور دلکش نظر آئی ۔

موسم جیسے ہی کروٹ لیتا ہے اس کے اثرات سب سے زیادہ ہماری جلد پر رونما ہوتے ہیں ۔برسات کے موسم میں جہاں صحت کے حوالے سے اور بہت سی باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے وہاں جلد کے حوالے سے بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں بارشوں میں چلنے والی نم اور ٹھنڈی ہوائیں آپ کی جلد کے لیے نہایت مفید ہیں۔ماہرین کے مطابق یہ ہوا جلد کے اندر موجود مضر مادوں میں کمی کر کے اسے تازگی بخشتی ہے اور جلد نکھری ہوئی محسوس ہوتی ہے۔

لہذا موسم برسات کے مزے ضرورلیجیے لیکن اگر جلد کی خوبصورتی ، تازگی، شادابی اور دلکشی کو قائم رکھنا ہے تو احتیاط کا دامن ہرگز نہ چھوڑیں۔

آپ کی جلد اگر چکنی ہے تو برسات کے موسم میں ہر دس سے پندرہ منٹ کے بعد کسی معیاری صابن سے جلد کو صاف کریں۔ بار بار منہ دھونے سے بھی جلد نقصان سے بچ سکتی ہے۔

اگر آپ کو ایکنی کی شکایت ہے تو برسات کے موسم میں خاص طور پر نہ تو اپنا تولیہ کسی کو استعمال کرنے دیں اور نہ ہی آپ کسی کا تولیہ استعمال کریں۔ ٹشو پیپز کی مدد سے جلد کو صاف ستھرا رکھیں تاکہ آپ کی جلد محفوظ رہے۔

برسات کے پکوان کی لذت سے تو انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن زیادہ گھی اور تیل میں فرائی کی ہوئی غذائیں خاص طور پر سموسے، پکوڑے یا پھر بازار میں دستیاب اور دیگر چیزوں کو کھانے سے احتیاط کریں کیونکہ ان اشیاء کے صحت کے ساتھ ساتھ جلد پر بھی برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ زیادہ چکنائی سے جلد پر دانے بھی نکل سکتے ہیں۔

اگر ممکن ہو تو برسات کے موسم میں گرین ٹی کا استعمال کریں ، یہ آپ کی جلد کی صحت کے لیے کارگر ہے۔برسات کے موسم میں خشخاش کا شربت پینے سے جلد پر برسات کی وجہ سے کوئی بیماری حملہ آور نہیں ہوتی۔

اگر خشخاش کو باریک پیس کر دودھ میں ملایا جائے اور اس کا پیسٹ بنا کر جلد پر دانوں، دھبوں اور ایکنی پر لگایا جائے تو جلد صاف اور شفاف ہوجاتی ہے۔بارش میں نہانے کے بعد اگر نیم گرم پانی سے غسل کیا جائے تو جلد کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔