اداکارہ حمیمہ ملک کا ہراساں کیے جانے کا الزام

کراچی : اداکارہ اور ماڈل حمیمہ ملک کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہیں لاہورکے ایک نجی ہوٹل میں ہراساں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اداکارہ اور ماڈل حمیمہ ملک نے سوشل میڈیا ٹوئٹر میں اپنے پیغام میں کہا کہ وہ لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں قیام پذیر تھی کہ برابر والے کمرے میں ٹھہرے ہوئے شخص نے رات2 بجے بزنس میٹنگ کی غرض سے ملنے کو کہا۔

اداکارہ نے بتایا کہ ہراساں کرنے والے شخص نے ان کے کمرے کے دروازے بزنس کارڈ بھی کھسکایا اور واٹس ایپ پر پیغامات بھیج کر ہراساں کیا۔ جس کے اسکرین شاٹ انہوں نے ٹوئٹر پر شیئر کیے۔

اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ خاموشی توڑنے کے لیے یہ مناسب وقت ہے، تعلیم یافتہ طبقہ بھی ہراسانی کا مسئلہ معمولی سمجھ کر نظر انداز کرتا ہے۔

حمیمہ ملک نے ہوٹل انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ انہیں تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے،انہوں نے میری نجی
معلومات ایک مہمان کو دی۔  حمیمہ نے ہوٹل انتظامیہ کو غیر ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ بھی کیا۔