عجمان میں کرکٹ لیگ کے میچ میں فکسنگ کا انکشاف

عجمان اور العمین کے درمیان غیر ذمہ دارانہ آؤٹ ہونا نظروں میں آگیا اور آئی سی سی نے میچ فکسنگ کے حوالے سے تحقیقات شروع کردیں۔

عجمان میں جاری آل اسٹار کرکٹ لیگ میں عجمان اور العمین کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانےوالے میچ میں کھلاڑی یکے بعد دیگرے مشکوک انداز میں آؤٹ ہوتے چلے گئے جس پر آئی سی سی نے نوٹس لیتے ہوئے میچ فکسنگ کا شبہ ظاہر کیا اور مشکوک سرگرمیوں کی تحقیقات شروع کردیں ہیں۔

ایمرٹس کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ آل اسٹار لیگ کے منتظمین نے لیگ کے انعقاد کے حوالے سے اجازت حاصل نہیں کی تھی اور نہ ہی انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل سے لیگ کی منظوری لی گئی تھی۔

عجمان کرکٹ کونسل کے سیکریٹری شجاع الملک کی جانب سےسامنے آنے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ عجمان اوول نے غیر قانونی لیگ کروا کر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، اس لیے اسے معطل کردیاگیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے ہے کہا کہ آل اسٹار لیگ کے لیے کسی پاکستانی کھلاڑی نے این او سی طلب نہیں کیا۔واضح رہے کہ مذکورہ لیگ میں پاکستان سے تعلق رکھنےوالے تین سے چار کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا ہے۔