کرکٹرکوکوئی مسئلہ ہوتوسلیکٹراورٹیم مینجمنٹ سےبات کرے،شعیب ملک

shoaib-malik

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ کرکٹرکوکوئی مسئلہ ہوتوسلیکٹراورٹیم مینجمنٹ سےبات کرے، تحفظات کا حل مذاکرات ہوتےہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  بھارت کے خلاف میچ میں اضافی دباﺅ نہیں لینا چاہیے، روایتی حریفوں میں ایک بڑا میچ ضرور ہوتا ہے، پوری دنیا کے شائقین بڑی دلچسپی سے میچ دیکھتے ہیں لیکن میرا ساتھی کھلاڑیوں کو بھی مشورہ ہے کہ اس کو ایک عام مقابلے کی طرح لیتے ہوئے اپنے نیچرل کھیل کا مظاہرہ کریں، بہتر کھیلیں گے تو کامیابی حاصل ہوگی۔

شعیب ملک نے کہا کہ ایشیا کپ میں کسی ٹیم کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کرسکتے، ٹیم کو اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا، ہر کھلاڑی کا ٹیم میں ایک رول ہوتا ہے، اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کرنے کی کوشش کروں گا جب کہ امید ہے کہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

محمد حفیظ کے حالیہ واقعہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا ہر کھلاڑی کے مسائل ہوتے ہیں، کیریئر میں اتار چڑھاﺅ بھی آتا ہے لیکن میز پر بیٹھ کر بات کرنا چاہیے۔