اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے ہرادیا

دبئی: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ کے چھٹے میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کی نمائندگی کرنے والے حسین طلعت 48 رنز بنا کر ناقابل تسخیر رہے۔

دبئی انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان ایونٹ کا چھٹا میچ کھیلا گیا۔ رومان رئیس نے اسلام آباد کی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور شعیب ملک الیون کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو جیت کے لیے 114 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ ہدف کے حصول کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونچی اور صاحب زادہ فرحان میدان میں اترے لیکن دونوں ہی اوپنر کوئی قابل ذکر کارگردگی دکھائے بغیر آؤٹ ہوگئے۔

رومان رئیس الیون نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 17 ویں اوور کی چوتھی گیند پر مقررہ 114 رنز کا ہدف حاصل کرکے ملتان سلتانز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے حسین طلعت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 48 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ ان کے ساتھ فہیم اشرف 12 رنز بناکر کریس پر موجود رہے تھے۔ لیوک رونچی 0 ، صاحب زادہ فرحان9، چیڈوک والڈن 28، آصف علی 11 اور انڈری رسل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد عرفان اور جنید خان نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان سپر لیگ تھری کے چھٹے میچ میں 48 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہنے والے حسین طلعت کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ مصباح الحق کے بغیر رومان رئیس کی قیادت میں میدان میں اتری تھی۔ قائم مقام کپتان رومان رئیس نے ٹاس جیت کر پہلے شعیب ملک الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اننگ کا آغاز کرنے کے لیے لیجنڈ بلے باز کمار سنگا کارا احمد شہزاد کے ہمران میدان میں اترے۔

شعیب ملک الیون کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ ملتان سلطانز کی پوری ٹیم انیسوے اوور کی پانچویں گیند پر اپنی تمام وکٹیں گنوا کر مجموعی طور پر 113 رنز بنا سکی اور جیت کے لیے حریف ٹیم کو 114 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ٹیم کے کپتان شعیب ملک 35 رنز بناکر پہلے اور پولارڈ 28 رنز بناکر دوسرے ٹاپ اسکورر رہے۔ کمار سنگا کارا 6، احمد شہزاد 11 ، ڈیرن براوؤ 6، شعیب مقصود 1، سیف بدر 8، سہیل تنویر 9 ، عمران طاہر اور محمد عرفان 2، 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹیڈکی قیادت کرنے والے رومان رئیس نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے تین حریف کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ محمد سمیع اور انڈری رسل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹیفن فنن نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ کراچی کنگز نے اب تک ایونٹ میں ایک میچ کھیلا جس میں اسے کامیابی ملی دو پوائنٹس ان کے حصے میں آئے۔

پشاور زلمی  دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس بھی دو پوائنٹس ہے اور وہ چوتھے نمبر پر ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایک میچ کھیلا جس میں اسے ناکامی ہوئی اور اپنے دوسرے میچ میں جیت کے بعد دو پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

لاہور قلندرز کو اپنے ابتدائی دونوں میچز میں ناکامی کا سامنا رہا جس کی وجہ سے اس کے حصے میں اب تک کوئی پوائنٹس نہیں آئیں ہیں۔