’’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘‘ کےنام سے یوم دفاع وشہداء منایا جائےگا،آصف غفور

راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ’’ہمیں پیارہےپاکستان سے‘‘ کےنام سےیوم دفاع وشہداء منایا جائے گا، یوم دفاع وشہداءمنفرداندازمیں منایاجائےگا، کوئی شہادت نہیں بھولی جائےگی۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے 6ستمبرکویوم دفاع وشہداءکےسلسلے میں آئی ایس پی آرمیں پلاننگ کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع وشہداءمنفرداندازمیں ہمیں پیارہےپاکستان سےکےنام سے منایاجائےگا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جی ایچ کیومیں منعقد تقریب براہ راست نشر کی جائے گی، جس کے لئے سول سوسائٹی ، میڈیا اور افواجِ پاکستان کے نمائندوں کو آگاہ کیا گیا ہے، وزارت اطلاعات ،آئی ایس پی آر مہم کا فوکل پوائنٹ ہوں گے،شرکاء کو شہیدوں کی فہرست اور پتے مہیا کیے گئے ہیں، قوم کے نمائندے ہر شہید کے گھر جائیں گے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ شرکاء کو شہیدوں کی فہرست اور پتے مہیا کیے گئے ہیں، قوم کے نمائندے ہر شہید کے گھر جائیں گے، کوئی شہادت بھولی نہیں جائے گی، شہید کی تصویر پر شہادت کی تفصیل اور جائے شہادت لکھی جائے گی، وطن کی حفاظت کے لیے جانیں دینے والوں کو سلام پیش کیا جائے گا اور شہیدوں کے لواحقین کو سلام پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کہ شاپنگ مال شہداء کی تصاویر سے سجائے جائیں گے ، بسوں،ویگنوں ،ٹرکوں اور گاڑیوں پرشہدا کی تصاویر لگائی جائیں گی جبکہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ٹرینوں اوراسٹیشنوں اور تمام ائیر پورٹس پر بھی شہداء کی تصاویر آویزاں کی جائیں گی۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا یوم دفاع پرافواجِ پاکستان ہتھیاروں کی نمائش کریں گی، شہداء کے لواحقین اور غازیوں کے لیے ہر چھاؤنی میں تقریب ہوگی، تعلیمی اداروں میں شہداء کی یاد اور وطن سے محبت کی تقریبات ہوں گی جبکہ تمام ادارے شہداء کی یاد میں خصوصی تقاریب منعقد کریں گے ، جس کے لئے چیمبر آف کامرس،انجمن تاجران اورسول سوسائٹی کی بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے قوم سے بھرپور شمولیت کی درخواست کرتے ہوئے کہا آئیے زندہ قوم کی طرح اپنے شہداکو یاد رکھیں ، ہمارےشہدا نے اپنا آج ہمارے محفوظ کل کے لیےقربان کیا ، شہید ہمارے اصل ہیرو ہیں ، شہیدوں کو سلام ، ہمیں پیار ہے پاکستان سے۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہےکہ پچھلے 15، 20 سال میں جتنی قربانیاں ہم نے دی ہیں، اتنی کسی اور ملک نے نہیں دیں۔