اے بی ڈی ویلیئرز نے پی ایس ایل کے لیے دستیابی ظاہر کردی

لاہور: جنوبی افریقہ کے سابق وکٹ کیپر کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 4 کے لیے دستیابی ظاہر کردی۔

جنوبی افریقہ کے سابق وکٹ کیپر کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اب دنیا کا بہترین ٹی 20 ٹورنامنٹ بن چکا ہے۔

اے بی ڈی ویلیئرز کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ٹورنامنٹ نے پاکستانی عوام کو لطف اندوز ہونے کے لیے بہت کچھ دیا جبکہ گزشتہ برسوں کے دوران میں اس لیگ کے میچوں سے کافی محظوظ ہوا ہوں اور آئندہ برس پاکستان سپر لیگ سیزن 4 میں ایکشن میں نظر آؤں گا۔

جنوبی افریقی سابق کپتان نے اپنے پیغام کے آخر میں پاکستانی شائیقین کا اردو میں شکریہ ادا بھی کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نومنتخب چیئرمین احسان مانی نے اے بی ڈی ویلئیرز کو پی ایس ایل کے لیے دستیابی ظاہر کرنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ڈی ویلیئرز اس دور کے بہترین کھلاڑی ہیں اور ان کی شمولیت سے لیگ کی اہمیت میں کافی اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ 23 مئی کو جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان  اے بی ڈی ویلیئرز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

34 سالہ اے بی ڈی ویلیئرز اپنے کرکٹ کرئیر کے دوران 114 ٹیسٹ، 228 ایک روزہ اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ڈی ویلیئرز ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ میں 50 سے اوپر کی اوسط رکھتے ہیں۔ ٹیسٹ میں ان کی بیٹنگ اوسط 50.66 جب کہ ایک روزہ کرکٹ میں 53.50 ہے۔