کنگنا رنوت کی کپتان سے پاک بھارت تعلقات بہتر کرنے کی درخواست

ممبئی : بھارتی اداکارہ کنگنا رنوت نے پی ٹی آئی چیئرمین اور متوقع وزیراعظم عمران خان سے پاک بھارت تعلقات کی بہتری کے لیے درخواست کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رنوت نے عمران خان کو عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور ساتھ ہی کپتان سے درخواست بھی کی کہ دونوں ملکوں کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے وزیر اعظم بننے سے امید کرسکتے ہیں کہ مزید خون نہ بہے کیوں کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ فوجی جوان زندگیوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 18 اگست کو عمران خان کی بطور وزیراعظم تقریب حلف برداری کے لیے بھارتی سابق کرکٹرز نوجوت سنگھ سدھو ، سنیل گواسکر ، کپل دیو کو مدعو کیا گیا ہے۔

بھارتی سابق کرکٹر سنیل گواسکر نے پاکستان آنے سے معذرت کرلی تاہم نوجوت سنگھ سندھو اور کپل دیو پاکستان آئیں گے۔