انگلینڈ نے پاکستان کو لیڈز ٹیسٹ ایک اننگزاور55رنزسے ہرادیا

لیڈز: انگلینڈ نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کو لیڈز ٹیسٹ ایک اننگزاور55رنزسے ہرادیا جس کے بعد دو میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔

ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا آغاز انگلینڈ کے جوس بٹلر اور سیم کرن نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز سے کیا۔ سیم کرن ٹیم کے مجموعی اسکور میں صرف 17 رنز کے اضافے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

سیم کرن 20 رنز بناکر محمد عباس کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ انگلش ٹیم کی نویں وکٹ بروڈ کی گری جو 2 رنز بناکر فہیم اشرف کا ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

انگلش ٹیم کے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز اینڈرسن تھے جو حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے اور انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 363 کے مجموعی اسکور پر پویلین پہنچ گئی جب کہ میزبان ٹیم کو مہمان ٹیم پر پہلی اننگز میں 189 رنز کی برتری حاصل تھی۔

انگلش ٹیم کی جانب سے جوس بٹلر 80، ڈومینک بیس 49 اور الیسٹر کک 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی نے 2،2 جب کہ شاداب خان نے 1وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اسے شروع ہی سے مشکلات کا سامنا رہا اور اوپنر جب اظہر رہی 11 رنز بناکر جیمز اینڈرسن کا شکار بن گئے۔ ان کے بعد مہمان ٹیم کے باقی کھلاڑی بھی انگلش باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ۔

حارث سہیل 8، اسد شفیق 5، امام الحق 34، کپتان سرفراز 8، شاداب خان 4، فہیم اشرف 3، عثمان صلاح الدین 33 اور حسن علی 9 اور محمد عباس 1رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اور پاکستان کی پوری ٹیم 134 رنز کے مجموعی اسکور پر تمام وکٹیں گنوا بیٹھی تھی اور جیت 1 اننگز اور 55 رنز سے انگلینڈ کے حصے میں آئی۔

انگلینڈ کی جیت کے بعد دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈومینک بیس اور اسٹیورٹ براڈ نے 3،3  جبکہ جیمز اینڈرسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔