نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا کالعدم قرار دینے کی درخواستیں مسترد

لاہور : ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف ، انکی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کی سزا کالعدم قرار دینے کی درخواستیں مسترد کردی ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں جسٹس عاطر محمود اور جسٹس شاہدجمیل خان پر مشتمل تین رکنی فل بینچ نے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کی سزاؤں کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ نیب قانون کا آرڈیننس سابق صدر پرویز مشرف نے جاری کیا لیکن 18 ویں ترمیم کے بعد ختم ہوچکا ہے، تین بار وزیراعظم رہنے والے شخص کواس قانون کے تحت سزادی گئی جو ختم ہوچکاہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کو مردہ قانون کے تحت سزا دی گئی لہٰذا عدالت نیب کے مردہ قانون کے تحت دی سزا کو کالعدم قرار دے۔

لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی سزاؤں کو کالعدم قرار دینے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے تمام درخواستیں بھی خارج کر دیں۔