ماہرہ خان کا اقوام متحدہ کے پناہ گزین کیمپ کا دورہ

پشاور : پاکستانی ماڈل اور اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ ہمیں بے گھر بچوں کے مستقبل کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، بچے مستقبل کے معمار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ اور ماڈل ماہرہ خان نے پشاور میں اقوام متحدہ کے پناہ گزین کیمپ کا بطور خیرسگالی سفیر دورہ کیا۔ ماہرہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بے گھر بچوں کے مستقبل کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، بچے مستقبل کے معمار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پہلی بار پشاور آئی ہوں اور بچوں سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے، خوش ہوں کہ اتنے اچھے مقصد کے لیے مجھے چنا گیا اور یو این ایچ آر کی طرف سے جو ذمہ داری سونپی گئی اسے اچھی طرح سے نبھاؤں گی۔

تقریب کے دوران اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرینڈی کا بھ کہنا تھا کہ دو سال بعد یہاں آیا ہوں بہت خوشی ہوئی پاکستان کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے طویل مدت تک افغان مہاجرین کی مہمان نواز کی، افغان مہاجرین کو تعلیم اور دیگر شعبوں میں مزید سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں افغان مہاجرین کو نہیں بھولنا چاہیے اور مزید وسائل افغان مہاجرین پرخرچ کرنا ہوں گے۔