انتخابات کا بروقت انعقاد آئین کا تقاضہ ہے، مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ انتخابات کا بروقت انعقاد آئین کا تقاضہ ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ متفقہ امیدواروں کی فہرست آج جاری کی جارہی ہے اورعوامی رابطہ مہم کا باقاعدہ آغاز کررہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے کے قائدین پورے ملک کا دورہ کریں گے اور ملک کے تمام حصوں اور علاقوں کو کور کیا جا رہا ہے۔ انتخابات میں ادائیں نظر آئیں گی اور انتخابات کابروقت انعقاد آئین کا تقاضہ ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ انتخابات شفاف اور غیرجانبدارانہ ہوں جبکہ 13 جولائی کو ملتان میں بڑا جلسہ ہوگا اور 14 جولائی کو روالپنڈی اور 15 جولائی کو کراچی میں جلسہ ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ21 جولائی ایبٹ آباد میں جلسہ ہوگا، 22 جولائی کو مالاکنڈ کا دورہ کروں گا اور ایک نئےعزم کے ساتھ انتخابی میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے ضابطہ اخلاق کی پابندی کی اپیل کرتے ہیں۔