حکومت جنگ نہ چھیڑے ورنہ ان کے دن گنے جا چکے ہیں، مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہا ہے کہ حکومت جنگ نہ چھیڑے ورنہ ان کے دن گنے جا چکے ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نئی حکومت کی وجہ سے چین کے ساتھ تعلقات متاثر ہوئے ہیں اور حکومت جنگ نہ چھیڑے ورنہ ان کے دن گنے جاچکے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اتنا بھی گیا گزرا وقت نہیں ہم اس دباؤ کے ساتھ وقت گزاریں اور اب بھی وقت ہے حکومت اپنے فیصلے واپس لے لے۔ حکومت نے فیصلے واپس نہ لیے تو ہم واپس کروائیں گے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مدارس کی مخالفت دین کی مخالفت کے بغیر نہیں ہوسکتی ہے اور حکومت کے پاس وژن کی بجائےصرف خواب ہیں۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کچھ دن ملتوی کر دیا جائے تو بہتر ہے۔

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ ہماری گہری اور میٹھی دوستی ہے۔ نئی حکومت آنے کے بعد پاک چین کی دوستی کو دھچکا پہنچا ہے جبکہ موجودہ حکومت کے پاس کوئی وژن نہیں ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے اور تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کا معاملہ نیکٹا کے حوالے کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں کیا ہم ریاست مدینہ کی طرف بڑھ رہے ہیں؟