فرسٹ کلاس کرکٹ کے نامناسب انتظامات پر مصباح ناخوش

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق فرسٹ کلاس کرکٹ کے نامناسب انتظامات پر ناخوش۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کا ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ کوئی اسٹور روم نہیں ہے بلکہ لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ کا ڈریسنگ روم ہے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ، لاہور وائٹس اور سوئی نادرن کے درمیان کھیلے جانے والے فرسٹ کلاس میچ کی میزبانی کررہا ہے۔ جس میں 6 ٹیسٹ پلئیرز موجود ہیں جبکہ کھلاڑی اس سے بہتر انتظامات کے حقدار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کا معیار ٹھیک کرنے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو نوٹس لینا چاہیئے اور ایک کمرے میں 20 افراد موجود ہیں جس میں صرف ایک ہی پنکھا لگا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ مصباح الحق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ہیں۔ ان کا پورا نام مصباح الحق خان نیازہے جو 28 مئی، 1974ء کو پنجاب کے چھوٹے سے قصبے میانوالی میں پیدا ہوئے تھے۔

مصباح الحق نے لاہور میں واقع یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی سے ایم بی اے کیا ہوا ہے اور ٹیسٹ کرکٹ میں وہ پاکستان کی طرف سے 53 میچزمیں کپتانی کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔ وہ پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان ہیں۔