موبائل فون کو سوتے ہوئے دور رکھنا تندرستی کی ضمانت

حالیہ تحقیق کے مطابق سوتے وقت موبائل فون پاس رکھنا صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے محکمہ صحت کی تحقیق  میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ سونے سے قبل  صارفین کو اپنا موبائل فون خود سے دور رکھنا چاہیے کیونکہ فون سے نکلنے والی شعاعیں انسانی صحت کے لیے خطر ناک ثابت ہوتی ہیں۔

اس نئی تحقیق کے مطابق موبائل فونز  کم فریکوئنسی ریڈیو سگنلز استعمال کرتے ہیں۔ خصوصاً اُس وقت جب صارف اسٹریمنگ یا بڑی فائل ڈاؤن لوڈ کررہا ہو، ایسے میں موبائل فون سے جو شعاعیں نکلتی ہیں وہ صحت کے لیے خطرناک ہوتی ہیں جو کہ کینسر، ذہنی امراض اور بانجھ پن جیسی بیماریوں کا باعث بنتی ہیں۔

اس تحقیق میں یہ نہیں بتایا گیا کہ موبائل فونز سے نکلنےوالی شعاعیں کتنی زیادہ  خطرناک ہیں لیکن  یہ شواہد موصول ہوئے ہیں کہ یہ کینسر، بانجھ پن اور ذہنی امراض کا باعث بننے کے علاوہ بچوں کے لیے بھی بہت  نقصان دہ ہیں۔

ماہرین صحت کی تجویز کے مطابق سونے سے 2 گھنٹے قبل موبائل فون کا استعمال نہیں کرنا چاہیے اور سوتے وقت اسے دور رکھ کر سوئیں۔