کراچی سے خیبر تک ، یوم دفاع پر شاندار تقاریب

قوم آج یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبےسےمنارہی ہے۔ شہداء کی قربانیوں کو یاد کیا جارہا ہے۔ پورا ملک یوم دفاع کے موقع پر وطن سےوفااورجان نچھاور کرنےوالےبہادرسپوتوں کوسلام پیش کررہا ہے۔

اس دن کا آغاز نمازفجرکےبعدملکی سلامتی،استحکام اورخوشحالی کےلیےدعاؤں سے ہوا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاک فوج کی جانب سے 31 توپوں کی سلامی دی گئی۔ جبکہ مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوگی جس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم عمران خان ہوں گے۔

مزید پڑھیے: وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع کے موقع پر پیغام

ملک بھر میں یوم دفاع کے سلسلے میں خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں، شاہراہوں پر شہدا کی تصاویر اور بینرز آویزاں ہیں اور خصوصی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا جبکہ 6 ستمبر کے شہدا کی یاد گاروں پر پھول چڑھائے جائیں گے اور فاتحہ خوانی ہوگی۔

مزید پڑھیے: صدر مملکت ممنون حسین کا یوم دفاع کے موقع پر پیغام

پاک فوج کےچاق وچوبنددستے نے میانی صاحب قبرستان میں میجرشبیرشریف شہید کےمزارپرسلامی دی اور میجرشبیرشریف شہید کی مزار پر پھول چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

نیول ہیڈکوارٹرزمیں یوم دفاع کی پروقارتقریب

یوم دفاع و شہدا کے موقع پر نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بھی پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل کلیم شوکت تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

تقریب کےموقع پرنیول چیف کاپیغام پڑھ کرسنایا،ایڈمرل کلیم شوکت کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں حوصلے اور ثابت قدمی کی یاد دلاتاہے، جب پاکستانی قوم نے 1965 کی جنگ میں اپنے سےکئی گنا بڑے دشمن کا مقابلہ کیا۔

مزاراقبال پریوم دفاع پاکستان کی پروقار تقریب

مزاراقبال پریوم دفاع پاکستان کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں گیریژن کمانڈرمیجرجنرل محمد عامر تقریب کےمہمان خصوصی تھے۔ گیریژن کمانڈرنےآرمی چیف کی طرف سےپھول چڑھائےاورفاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبندکیے۔

مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقارتقریب

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقات تقریب ہوئی۔ پاکستان ایئرفورس اصغرخان اکیڈمی سے پاس ہونے والے 73 کیڈٹس نے پاک بحریہ کے دستے سے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
تقریب کےمہمان خصوصی پی اے ایف اصغرخان اکیڈمی کے ایئروائس مارشل ندیم صابر تھے۔

وزیرخارجہ کی شہیدکیپٹن عمرزیب کےگھرآمد

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وطن کی خاطر جاں وارنے والے کیپٹن عمر زیب شہید کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے شہید کپتان کے والد کرنل افضل بیگ سے ملاقات میں بیٹے کی قربانی پر خراج تحسین پیش کیا۔

کراچی کے بیس مسرور میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے تقریب کا آغاز ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل تھے۔

پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ یوم دفاع کی تقریب میں شہداء کے اہل خانہ، عمائدین شہر، پاک فضائیہ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

ملیر چھاؤنی میں ٹینکوں اور اسلحے کی نمائش

کراچی کی ملیر چھاونی میں یوم دفاع پاکستان اور شہداء کے حوالے سے تقریب ہوئی۔ اس دوران پاک فوج کے چاک و چوبند دستوں آرمڈ اور آرٹلری کا مارچ پاسٹ ہوا۔ مارچ پاسٹ میں انجینیئرز اور سگنلز سمیت لائٹ کمانڈو بٹالین نے بھی شرکت کی، الخالد، الضرار ٹینک، بکتر بند گاڑیوں اور ریڈار سسٹم کی نمائش بھی کی گئی۔

یوم دفاع، ملیر چھاؤنی کراچی میں ٹینکوں اور اسلحے کی نمائش

شیرخان اسٹیڈیم میں یوم دفاع کی پروقارتقریب

پشاور کے شیرخان اسٹیڈیم میں یوم دفاع کی پروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے کورکمانڈرلیفٹیننٹ جنرل نذیراحمد بٹ مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں پاک فوج کےجوان،خواتین،طلباءاوردیگرمہمانوں کی شرکت کی۔

تقریب میں پاک فضائیہ کے جوانوں کا چھپٹناپلٹنا ، پلٹ کر چھپٹنا کا عملی مظاہرہ کیا۔

فورٹرس اسٹیڈیم میں یوم دفاع کی پروقار تقریب

لاہور کے فورٹرس اسٹیڈیم میں یوم دفاع کے موقع پر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں گونرپنجاب چوہدری محمد سرور مہمان خصوصی تھے۔جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار بھی تقریب میں موجود تھے۔

تقریب میں پاک فضائیہ کےطیاروں اورہیلی کاپٹر نے شاندارمظاہرہ کیا۔ فضائی مرکز پر ایف سولہ، جے ایف سیونٹین تھنڈر اور دیگر طیارے شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

واضح رہے کہ 6 ستمبر 1965 وہ دن ہے جب پاکستانی قوم نے افواج پاکستان کے ساتھ مل کر دشمن کو ناکوں چنے چبوائے اور ازلی دشمن بھارت کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے ۔