نواز شریف اور مریم کا ایک ہفتے میں وطن واپسی کا فیصلہ، ذرائع

لندن : مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز نے اگلے ہفتے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز نے آئندہ ہفتے لندن سے وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وطن واپسی کا فیصلہ سینیئر لیگی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وطن واپس آکر دونوں مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے، تاہم نواز شریف کی جانب سے مخلتف شہروں میں انتخابی مہم چلانے کے لیے انتظامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا آج تفصیلی طبی معائنہ ہوگا اور سی ٹی اسکین بھی کیا جائے گا، جس کے بعد منگل کو نواز شریف کی ڈاکٹروں سے تفصیلی ملاقات ہوگی۔

واضح رہے کہ نواز شریف  کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز لندن میں کینسرکے علاج کے لیے موجود ہیں جہاں وہ 14 جون کو دل کا دورہ پڑنے سے اسپتال میں گرگئیں تھی، جس کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔ تاہم اب تک ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔