ہمارے انتخابی امیدوار کو آئی ایس آئی دفتر بلاکر ڈرایا دھمکایا گیا، نوازشریف

Nawaz-Sharif

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارے انتخابی امیدوار کو آئی ایس آئی دفتر بلاکر ڈرایا دھمکایا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کا لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے امیدواروں کے ٹکٹ واپس کرائے جا رہے ہیں اور ہمارے انتخابی امیدوار کو آئی ایس آئی دفتر بلاکر ڈرایا دھمکایا گیا ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات ملک کے لیے نقصان دہ ہوں گے اور ہم نےغلطیوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ تمام توپوں کا رخ مسلم لیگ ن کی طرف ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملتان میں ہمارے امیدوار رانا اقبال سراج کو تھپڑ مارے گئے ہیں اور رانا اقبال سراج کو خطرناک نتائج کی دھمکیاں دی گئیں ہیں۔ نگراں وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر نوٹس لیں اور سب جانتے ہیں یہ جیپ کانشان کس کا ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے امیدواروں کی وفاداریاں تبدیل کرائی گئیں ہیں اور امیدواروں کو پی ٹی آئی جوائن کرنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھاندلی ہوئی تو پاکستان سمیت دنیا قبول نہیں کرے گی، طوفان اٹھے گا۔