فلم ’منٹو‘ کے لیے اداکار نواز الدین نے کتنا معاوضہ لیا؟

ممبئی : اپنی اداکاری میں کردار میں جان ڈالنے والے بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نواز الدین صدیقی نے فلم منٹو میں ایک روپیہ معاوضہ لیکر سب کو حیران کردیا۔

اداکار نوازالدین کا شمار فلم انڈسٹری میں ایسے اداکاروں میں ہوتا ہے جو اپنی اداکاری کے فن سے کردار کو جدت بخشتے ہے۔نوازالدین ایک گنگسٹر سے لیکر فلم کے ہیرو کے کردار میں جان ڈالنا باخوبی جانتے ہیں۔

حالیہ دنوں میں نوازالدین کی فلم ’منٹو‘ کا ٹریلر جاری ہوا جس میں نواز الدین کو مرکزی کردار میں دیکھا گیا، فلم کے مرکزی کردار جو کہ نوازالدین نبھارہے ہیں، شائقین اور فلم بینوں نے بے حد سراہا۔

فلم کو رواں سال کانز فیسٹول میں بھی پیش کیا گیا جہاں اسکی پزیرائی کی گئی،لیکن اب اس فلم کے لیے نواز الدین کے معاوضے نے سب کو حیران کردیا ہے۔

فلم ’منٹو‘ کی ہدایت کارہ نندتاداس نےاپنے بیان میں کہا ہے کہ فلم ’منٹو‘ کے لیے رشی کپور اور جاوید اختر نے ایک پیسہ بھی وصول نہیں کیا ہے، جبکہ فلم میں سعادت حسن منٹو بننے والے نواز الدین صدیقی نے اس کردار کے لیے صرف ایک روپیہ معاوضہ لیا ہے ۔

واضح رہے کہ سعادت حسن منٹو کی زندگی پر بننے والی فلم ’منٹو‘ 21 ستمبر کو سینماء گھروں میں جلوہ افروز ہوگی۔