نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے گھر بیٹی کی پیدائش

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے جس کے بعد  جیسنڈا آرڈن  وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہتے ہوئے ماں بننے والی دوسری عالمی شخصیت بن گئیں۔

جیسنڈا آرڈرن کے ہاں آج بیٹی کی پیدائش ہوئی، یہ خبر انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے خاوند اور نومولود بیٹی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرکے دی۔

جیسنڈا آرڈرن نے بیٹی  کی پیدائش پر خوشی کا اظہارکیا اور لکھا کہ ان کے گھر ایک صحت مند بچی کی آمد ہوئی ہے جس کا وزن ساڑھے 3 کلو ہے۔ساتھ ہی انہوں نے دعاؤں اور نیک خواہشات پر سب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے  کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے بچی کی ولادت کے سلسلے میں 6 ہفتے تک اپنی ذمہ داریوں سے چھٹیاں لیں۔

یاد رہے کہ جیسنڈا آرڈرن نے رواں برس کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ وہ امید سے ہیں۔انہوں نے نیوزی لینڈ ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ بھی بتایا تھا کہ وہ دنیا کی پہلی خاتون نہیں، جو کام بھی کرتی ہیں اور بچے بھی پیدا کریں گی بلکہ ان سے پہلے بھی کئی خواتین نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے بچوں کو جنم دیا ہے۔