سیاست آزادی سے کرنے دی جائے،خواجہ سعدرفیق

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں پراعتماد کرکے جماعتوں کو ملک میں سیاست آزادی سے کرنے دی جائے۔

ملک کی معروف سیاسی شخصیت جاویدہاشمی کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ میری والدہ کے وقت سے جاوید ہاشمی سے تعلق ہے، ہم نے اچھے برے حالات ساتھ گزاریں ان کی پی ایم ایل این سے رخصتی کے وقت تکلیف ہوئی تھی۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جاوید ہاشمی سے ہماراتعلق نہیں ٹوٹ سکتا اور نہ ہی ان کی سیاست سے کوئی انکار کرسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی کی محنت پرکوئی پانی نہیں پھیرسکتا۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ افواج کا کردارملکی سلامتی کے لیے ہوناچاہیے،کسی بھی ملک کی افواج کومتنازع نہیں بنانا چاہیے جب کہ ہمارا آزاد عدلیہ کاخواب شرمندہ تعبیر ہوگیا ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مصنوعی طورپربنائی پارٹی ختم ہوجاتی ہے، پی ایس پی بھی مصنوعی طورپربنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سیاست آزادی سے کرنےدی جائے، ہمیں اندرونی اتحاد کی ضرورت ہے جب کہ قوم کوکیوں گمراہ کیاجارہا ہے، نہیں سمجھتا کہ نظریہ ضرورت ختم ہوچکا ہے۔