نواز شریف کی وطن آمد سے قبل لیگی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 100 سے زائد گرفتار

لاہور:  مختلف علاقوں میں پولیس نے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 100 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا تھا جن میں یوسی چیرمین، وائس چیرمین، کونسلرز اور کارکنان شامل ہیں۔

گرفتاریوں کے خلاف ن لیگ کےکارکنوں نے احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر سڑک بلا ک کر دی۔

اس حوالے سے رات گئے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ وازشریف کے استقبال کے لئے ہمارے کارکنان پر امن طور پر لاہور ائیر پورٹ جا نا چاہتے ہیں مگر اچانک کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد کو کوٹ لکھ پت جیل بھجوا دیا گیا ہے جبکہ بعض کو بھیجنے کی تیاری ہے، حکومت خود اشتعال انگیز کارروائیاں کررہی ہے

پریس کانفرنس کے دوران سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کارکنان کی گرفتاری کا ذمہ دار نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کو قرار دیا۔

ایاز صادق نے کہا کہ ہمت ہے تو مجھے گرفتار کرکے دکھائیں یا پھر کارکنوں کو رہا کریں۔