پاک بحریہ کااورماڑہ سے186کلومیٹردورسمندرمیں امدادی آپریشن

کراچی : پاک بحریہ نے اورماڑہ سے186کلومیٹردور کھلے سمندرمیں امدادی آپریشن کرکے النعیمی نامی ایرانی کشتی پر سوار افراد کو امداد فراہم کی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ نے اورماڑہ سے186کلومیٹردور کھلے سمندر میں النعیمی نامی ایرانی کشتی کو سی کنگ ہیلی کاپٹر کے ذریعے امداد فراہم کی جو انجن میں خرابی کی وجہ سے کچھ دنوں سے سمندرمیں مشکلات کا شکار تھی۔

ایرانی کشتی پرعملے کے 13 افراد سوارتھے، جن کے پاس کھانے پینے کی تمام اشیاء ختم ہوچکی تھیں، پاک بحریہ کی میڈیکل ٹیم اوراشیائے خور و نوش ہیلی کاپٹرکے ذریعے کراچی سے روانہ کیا گیا، کشتی کے عملے کو اشیائے خورونوش اور بیمارافراد کو طبی امداد فراہم کی گئی اوربروقت امداد کی فراہمی پر ایرانی کشتی کے عملے نے پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔