پاکستان اور بھارت امن کے قیام سے ہی آگے بڑھ سکتے ہیں، آفریدی

کراچی: قومی ٹیم کے سابق ون ڈے کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت امن کے قیام سے ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ نوجوت سنگھ سدھو کی پاکستان آمد پر خوشی ہوئی ہے اور امید ہے نوجوت سنگھ سدھو کو بھی پاکستان آکر اچھا لگا ہوگا۔

قومی ٹیم کے سابق ون ڈے کپتان شاہد خان آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک امن کے قیام سے ہی آگے بڑھ سکتے ہیں جبکہ پاکستان اور بھارت کو برداشت کا پیغام پھیلانا ہے۔

واضح رہے کہ 18 اگست کو سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کا وطن واپسی پر کہنا تھا کہ بھارت سے محبت کا پیغام لیکر پاکستان آیا تھا اور جتنی محبت لایا تھا اس سے 100 گنا زیادہ لیکر جا رہا ہوں۔

پی ٹی آئی رہنما اور نوجوت سنگھ سدھو کی اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران نوجوت سنگھ سدھو کا کہا تھا کہ پنجاب کا مطلب 5 دریاؤں کا ملاپ ہے دو دریا ہمارے پاس اور دو آپ کے پاس ایک دریا دونوں کا مشترک ہے۔

نوجوت سدھو کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور عمران خان کے بیان کو معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔ عمران خان نے کہا آپ ایک قدم بڑھائیں ہم 2 قدم آگے آئیں گے۔

نوجوت سدھو کا کہنا تھا کہ میں واپس جاکر بھارت سرکار کو کہوں گا آپ ایک قدم تو چلیں، مجھے امید ہے بھارت کا ایک قدم اورعمران خان کے 2 قدم ہوں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان سے محبت ملنے پر بہت خوشی ہے، لاہور اور امرتسر ایک جیسے شہر ہیں، پنجاب سرحد کھول دی جائے تو 6 ماہ میں بہت کچھ بدل جائے گا۔

سدھو کا مزید کہنا تھا کہ آج صبح آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی تھی، آرمی چیف نے جو بات کہی اس سے لگا پوری کائنات مل گئی سدھو نے کہا کہ آرمی چیف نے کہا بابا نانک کے جنم دن پر سرحد کھول دیں گے، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نےکہا وہ امن چاہتے ہیں۔