تین ملکوں کی سیریز کے لیے قومی ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان

لاہور: دورہ زمبابوے میں تین ملکوں کی سیریز کے لیے قومی ٹی 20 کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دورہ زمبابوے میں تین ملکوں کی سیریز کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سلیکٹرز نے قومی ٹیم کے ٹی 20 اسکوارڈ کے حتمی ناموں پر اتفاق کرلیا ہے جس کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیم کے 15 رکنی ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ قومی ٹی 20 ٹیم کی کپتانی سرفرازاحمد کو سپرد کی گئی جبکہ ٹیم میں فخرزمان، محمد حفیظ، شیعب ملک، آصف علی، حسین طلعت، حارث سہیل، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، عثمان خان شنواری، شاہین شاہ آفریدی اور صاحبزادہ فرحان  شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا اور زمبابوے کے ساتھ تین ملکوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لئے جولائی میں زمبابوے کا دورہ کرے گی۔

تینوں ملکوں کی ٹیمیں ہر ٹیم کے ساتھ دو دو میچ کھیلیں گی اور دو ٹاپ ٹیمیں 8 جولائی کو فائنل کھیلیں گی۔ یہ تمام میچ ہرارے سپورٹس کلب گراؤنڈ پر کھیلے جائیں گے۔

تین ملکوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد پاکستان اور زمبابوے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلیں گے۔ یہ ایک روزہ میچ بولاوائیو کے کوئینز سپورٹس کلب گراؤنڈ پر ہوں گے۔ یہ ون ڈے میچ 13 سے 22 جولائی کے درمیان کھیلے جائیں گے۔

اس سے قبل پاکستان نے 2015 میں زمبابوے کا دورہ کیا تھا جب پاکستان نے ون ڈے سیریز 2-1 سے جیتی تھی۔