ترک عوام جنگ آزادی کے دوران پاکستانی عوام کی حمایت یاد رکھیں گے ، ترک وزیر دفاع

اسلام آباد: ترکی کے وزیر دفاع ہولوسی آکار نے پاک ترک دوستی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ترک عوام جنگ آزادی کے دوران پاکستانی عوام کی حمایت و امداد کو کبھی بھی فراموش نہیں کریںگے۔

انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم دفاع اور یوم شہداءکے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر دفاع نے کہا کہ ترکی اور پاکستان دفاعی صنعت میں تعاون جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ترکی کی جنگ آزادی اور قبرص کے معاملہ پر پاکستانی عوام کی حمایت و امداد کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

ترکی میں پاکستان کے سفیر سائرس قاضی نے کہا کہ 6ستمبر ہمیں ان شہداء کی یاد دلاتا ہے جس نے مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔

تقریب میں چیف آف ٹرکش جنرل سٹاف یاسر گلر، بری فورسز کے کمانڈر جنرل امیت دندار اور ائر فورس کے کمانڈر جنرل حسن سمیت ترک مسلح افواج کے جنرلز، غیر ملکی سفیروں، دفاعی اتاشیوں، ترک دفاعی صنعت کے حکام اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔