کامن ویلتھ گیمز : پاکستان اور انگلینڈ کا ہاکی کا میچ 2-2 گول سے برابر

آسٹریلیا میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں ہاکی کے مقابلے میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا میچ 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔

انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی جانب سے ارسلان قادر اور علی مبشر نے ایک ایک گول کیا جب کہ انگلینڈ کے مارک گلیگ ہورن اور سیم وارڈ نے گول اسکور کیے۔

واضح رہے کہ ایونٹ میں پاکستان کا یہ تیسرا میچ ہے جو بغیر فیصلے کے ختم ہوا۔ اس سے قبل  ویلز کے خلاف 1-1 اور بھارت کے خلاف کھیلا جانے والا میچ 2-2 گول سے برابری پر ختم ہوا تھا۔

ایونٹ کے اپنے تینوں  میچز ڈرا ہونے کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات انتہائی کم  ہوگئے ہیں۔ پاکستان ٹورنامنٹ میں اپنا آخری میچ 11 اپریل کو ملائشیا کے خلاف کھیلے گا۔