لیڈز ٹیسٹ، پہلے دن کا کھیل ختم: پاکستان 174 پر آل آؤٹ، انگلینڈ کے106 رنز

لیڈز : انگلینڈ کے بولرز نے پاکستانی بلے بازوں کو پہلی اننگ میں 174 رنز پر ڈھیر کردیا۔ جواب میں اپنی پہلی اننگ کے شروعات میں پہلے دن کے کھیل کے اختتام تک انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنالیے۔

انگلینڈ اور پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ آج لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔ جس میں مہمان ٹیم کی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ لیکن شاہینوں کا آغاز اچھا نہیں رہا اور ابتدا ہی سے انگلش بولرز نے پاکستانی بلے بازوں کو پریشان کر رکھا۔

انگلینڈ کی شاندار بولنگ کے آگے پاکستانی بلے باز ٹیک نہیں پائے اور ایک کے پیچھے ایک پویلین لوٹتے گئے۔ مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ امام الحق کی گری جو کوئی اسکور نہیں کر سکے اور اسٹورٹ براڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

امام الحق کے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز اظہر علی تھے جو 2 رنز بناکر اسٹورٹ براڈ کے گیند پر ایل بی ڈیبلو آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ حارث سہیل کی گری جو 28 رنز بناکر کرس ووکس کا شکار ہوئے۔ ان کے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز اسد شفیق تھے جو 27 رنز کی اننگ کھیلنے کے بعد کرس ووکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے

پاکستان کی جانب سے پانچویں وکٹ کپتان سرفراز احمد کی گری جو 14 رنز بناکر جیمز اینڈرسن کا شکار ہوئے۔ گرین شرٹس کی چھٹی وکٹ عثمان صلاح الدین کی گری جو 4 رنز بناکر اسٹورٹ براڈ کی گیند پر ایل بی ڈیبلیو آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کا ساتھواں نقصان فہیم اشرف کا ہوا جو کوئی اسکور نہیں کرسکے اور جیمز اینڈرسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ان کے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد عامر تھے جو 13 رنز بناکر جیمز اینڈرسن کی گیند پر جونی بیئرسٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے نویں وکٹ حسن علی کی گری جو 24 رنز بناکر کرس ووکس کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی آخری وکٹ شاداب خان کی گری جو شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 56 رنز کی اننگ کھیلنے کے بعد سیم کورن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگ میں جیمز اینڈرسن، اسٹورٹ براڈ اور کرس ووکس نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈیبیو کررہے سیم کورن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان جانب سے ایک تبدیلی کی گئی ہے زخمی بابر اعظم کی جگہ عثمان صلاح الدین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ انگلیند کی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

اس اہم ترین میچ میں نوجوان بیٹسمین عثمان صلاح الدین کو ٹیسٹ کیپ دی گئی۔عثمان صلاح الدین دو ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں تاہم انہوں نے اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کی اور آج وہ انگلیند کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کو سریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے جبکہ لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔