ایشیا کپ میں پاک بھارت مقابلے کی اضافی ٹکٹیں فروخت کرنے کا فیصلہ

لاہور: ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان اور بھارت کے 19 ستمبر کے مقابلے کے لیے  مزید ٹکٹیں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق ایشیاکپ 2018 متحدہ عرب امارات میں منعقد کیا گیا ہے۔ جس میں پاکستان اور بھارت کا میچ 19 ستمبر کو دبئی انٹرنیشل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاک بھارت ٹاکرے کے لیے ویب سائٹ کی ٹکٹس صرف چند ہی گھنٹوں میں فروخت ہوگئی ہیں۔ جس پر ایشین کرکٹ کونسل نے کرکٹ شائقین کے لیے مزید ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو جمعرات سے آن لائن مزید بک کروائی جاسکتی ہیں۔

ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق ایشیاکپ 2018 کے ٹکٹوں کی قیمت 20 سے 720 درہم کے درمیان رکھی گئی ہیں۔

دوسری جانب ایشیاکپ 2018 کے لیے قومی کرکٹرز کی ایبٹ آباد  کے فوجی تربیتی مرکز میں ٹریننگ جاری ہے۔ ٹریننگ میں کھلاڑیوں کو فٹنس سے متعلق لیکچر دیا گیا اور سائیکلنگ بھی کروائی گئی۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ2018 15 ستمبر سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں میں 6 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور ایک کوالیفائر ٹیم شامل ہے جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کو شامل ہیں۔