پاک بحریہ کی جانب سےمارگلہ پہاڑوں پرشجرکاری مہم کاآغاز

اسلام آباد : پاک بحریہ نے مارگلہ پہاڑوں پر شجر کاری مہم کا آغاز کردیا، پاک بحریہ کےسربراہ ایڈمرل ظفرمحمودعباسی نے مہم کا افتتاح کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مہم کامقصد’’گرین پاکستان‘‘پروگرام میں موثرکرداراداکرناہے۔ شجرکاری مہم کےتحت10لاکھ پودےلگائیں جائیں گے۔

سربراہ پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ ہلے مرحلے میں ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ ہر پودے پر ایک نمبر ہوگا، اس کی مسلسل نگہداشت اور تمام پودوں کی جیو فینسنگ کی جائے۔

ایڈمرل ظفر عباسی کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے کراچی کے شہری متاثر ہو رہے ہیں۔ کراچی فش ہاربر ماحولیاتی آلودگی سے متاثر ہو رہا ہے۔ پاکستان میں جنگلات کی شرح مسلسل کم ہو رہی ہے جو تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے موحولیاتی تبدیلیاں مسائل کا سبب بن رہی ہیں۔ شمالی علاقہ جات میں درختوں کو ایندھن بنانے سے روکنا چاہیئے۔

نیول چیف نے مزید کہا کہ پاک بحریہ ساحلی علاقوں پر 20 لاکھ مینگرووز لگائے گی۔

واضح رہے کہ پاک بحریہ کی ملین ٹری شجر کاری مہم کے پہلے مرحلے میں ایک لاکھ پودے 15 ستمبر تک لگائے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں 15 فروری سے 15 اپریل 2019 تک پودے لگائے جائیں گے۔

جبکہ تیسرے مرحلے میں 15 جولائی سے 15 ستمبر 2019 تک پودے لگائے جائیں گے جس کے بعد آخری مرحلے میں 15 فروری 2020 سے 15 اپریل تک 4 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔