ایشیا کپ کے لیے 16 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایشیا کپ 2018 کے لیے 16 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے متحدہ عرب امارات میں 15 ستمبر سے شروع ہونے والے ایشیا کپ 2018 کے لیے 16 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا۔ ایونٹ میں شاہینوں کی کپتانی سرفراز احمد کو سونپی گئی۔ اسکواڈ میں 6 فاسٹ بولرز کو شامل کیا گیا ہے۔

سرفراز احمد (کپتان)، بابراعظم، حارث سہیل، شاداب خان، فہیم اشرف، فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، شعیب ملک، آصف علی، محمد نواز، حسن علی،عثمان خان شنواری، محمد عامر، جنید خان، شاہین شاہ آفریدی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

محمد حفیظ اورعماد وسیم ٹیم میں شامل نہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ ہمارا 20 لوگوں کا اسکواڈ ہے جو ہم ورلڈ کپ تک دیکھ رہے ہیں۔ محمد حفیظ 20 سے 22 لوگوں میں شامل ہیں اور شان مسعود بھی اس میں شامل ہیں۔ ہم نے اس دفعہ کہا کہ شان مسعود کو موقع دے کر دیکھیں کہ وہ کیسا چلتے ہیں جبکہ حفیظ بھی اچھا پلئیر ہے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کا بولنگ کا بھی مسئلہ ہے لیکن ہمارے پاس دوسرے اور اوپشنز ہیں تو ابھی یہ کرکٹ ایشیا کپ نہیں  بہت ساری کرکٹ ہے کیونکہ ہم اس میں تھوڑی سی چیزیں دیکھنا بھی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ کا کیئریر بلکل بھی ختم نہیں ہوا اور ہم لوگوں کو سلیکٹ کرتے ہیں۔ ہمارے پاس بلکل بھی حق نہیں ہے کہ میں کہو کہ کسی کا کیئریر ختم ہوگیا ہے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ عماد وسیم کا سب کو پتا ہے کہ انہیں 2 سے 3 موقع دیے گیے لیکن جو فٹنس ٹیسٹ پاس کرے گا وہی آگے آئے گا جبکہ ان کی پچھلی پرفارمنس اچھی ہیں جب وہ پاکستان سے کھیل رہے تھے۔