گرانٹ بریڈ برن پاکستان ٹیم کے نئے فیلڈنگ کوچ مقرر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گرانٹ بریڈ برن کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا فیلڈنگ کوچ مقرر کردیا۔ جو اب پاکستان ٹیم کی بطور فیلڈنگ کوچ خدمات انجام دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نئے مقرر کردہ فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن ایشیا کپ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کو متحدہ عرب امارات میں جوائن کریں گے۔

پی سی بی کی جانب سے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی گرانٹ بریڈ برن سے بطور فیلڈنگ کوچ 3 سال کے لیے معاہدہ طے پایا گیا ہے جبکہ وہ ان دنوں اسکاٹ لینڈ کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کررہے ہیں۔

گرانٹ بریڈ برن کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرنا اعزاز کی بات ہے جبکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی زیر نگرانی میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں کافی بہتری آئی ہے، فٹنس اور فیلڈنگ پہلے سے بہت بہتر ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ گرانٹ بریڈ برن نے نیوزی لینڈ کی جانب سے 7 ٹیسٹ، 11 ون ڈے میچز میں ٹیم کی نمائندگی کی ہے جبکہ وہ پاکستان سے قبل اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کے ساتھ منسلک تھے۔