سوشل میڈیا پر سے لوگوں کااعتبار اٹھنے لگا،برطانوی سروے

جعلی خبروں،پروپیگنڈہ اور  ایک دوسرے پر تضحیک آمیز رویوں کے رجحان کےباعث سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر لوگوں کا اعتبار کم ہوگیا ہے۔

برطانوی سروے رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ برطانیہ میں 4 میں سے صرف ایک شہری ہی سوشل میڈیا پر بھروسہ  کرتا ہے ۔

برطانیہ میں کیے گئے ایک سروے میں کہا گیا ہے کہ  برطانوی آبادی کا صرف 24 فیصد طبقہ ہی ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹا گرام پر اپ لوڈ ہونے والے مواد پر بھروسہ رکھتا ہے،یعنی 4 میں سے3 شہریوں کا سوشل میڈیا پر سے اعتبار اٹھ گیا۔

سروے کے مطابق دوسری جانب ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی حمایت میں 13 درجے کا اضافہ دیکھنے میں آیا،جو 2012ء کے مقابلے میں 61 فیصد کی سطح تک پہنچ گیا ہے ۔

سروے میں حصہ لینے والے 64 فیصد شہریوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ سوشل میڈیا کمپنیز نےتسلی بخش حد تک اپنی خود احتسابی نہیں کی۔

70فیصد نے کہا کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس نے آن لائن غیر اخلاقی یا غیر قانونی مواد کی روک تھام کے لیے وہ کردار ادا نہیں کیا جو کرنا چاہیے تھا

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس،فیس بک اور ٹوئٹر سے مطالبہ کیا جاتا رہا ہے، آن لائن انتہاپسندی اور جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں۔حکومت سے بھی اس بارے میں قانون سازی کرنے کے بارے میں کہا جاتا رہا ہے۔