دبئی : ایک شام پشاور زلمی اور کپل شرما کے نام

دبئی  : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے تیسرے ایڈیشن کا میلہ دبئی میں سجنے کی تمام تر تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں ۔

اس شاندار ایو نٹ کے موقع پر جس کا سب بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں کھلاڑیوں کو سکون اور آرام فراہم کرنے کے لیے  پی ایس ایل سے قبل  پشاور زلمی کی انتظامیہ نے مشہور بھارتی کامیڈین کپل شرما کے ساتھ ایک شو منعقد کیا ۔

طنز و مزاح سے بھرپور اس تقریب میں پشاور زلمی کے کھلاڑیوں سمیت آفیشلز، چیئرمین جاوید آفریدی ، مینٹور یونس خان اورشوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کے بچوں نے شرکت کی ۔

شو کے دوران کپل شرما کے دلچسپ جملوں اور مزاحیہ انداز گفتگو کو کھلاڑیوں نے خوب پسند کیا ، خاص کرپشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، کامران اکمل اور محمد حفیظ کے حوالے سے کپل شرما کے کامیڈی سے بھرپور چٹکلوں سے حاضرین محفل بہت لطف اندوز ہوئے ۔

ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز کھلاڑی اور سابق کپتان ڈیرن سیمی کو مخاطب کرکے کپل شرما نے سوال کیا کہ آپ کو لوگ خان کہہ کر کیوں بلاتے ہیں؟ جس پر انہوں نے بھی دلچسپ جواب دیا کہ آفریدی کی وجہ سے اور شاید اس لیے کیونکہ میرا تعلق پشاور سے ہے۔

کپل نے کامران اکمل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ 3 بھائی کرکٹ میں ہیں جبکہ ایک کزن بھی ٹاپ لیول کی کرکٹ کھیل رہا ہے اور آپ سب کے بچے بھی ہیں، اس کا مطلب ہے کہ پاکستان کو کرکٹ میں کسی اور خاندان کی ضرورت نہیں ہے۔

اس موقع پر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ایس ایل 3 سے قبل ٹیم کے کھلاڑیوں کو تھوڑا پرسکون وقت فراہم کرنا چاہتے تھے، اس لیے اس شو کا انعقاد کیا گیا۔جاوید آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ کپل شرما ان دنوں ہمارے خطے کے بہترین کامیڈین ہیں اور کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ بہت اچھا وقت گزارا ۔