پی ایس ایل تھری : زلمی کی شاندار باؤلنگ، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 34رنز سے شکست

دبئی :پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 34رنز سے شکست دے دی۔

 پشاور زلمی کی جانب سے دیئے گئے 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد  یونائیٹڈ مقررہ 20 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف  142 رنز بنا سکی۔

پشاور زلمی کے عمید آصف نے اپنی شاندار باؤلنگ سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے چار کھلاڑی آؤٹ کیے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلی وکٹ  دوسرے اوور میں 15 کے مجموعی اسکور پر گری جب چاڈوک والٹن 11 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

دوسرے ہی اوور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے  ایک اور کھلاڑی لیوک رونچی  عمید آصف  ہی کی گیند پر وہاب ریاض سے کیچ آؤٹ ہوئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی بھی  عمید آصف کی باؤلنگ کا شکار ہوکر 7 رنز بنا کر حفیظ سے کیچ آؤٹ ہوئے۔

حسین طلعت کو بھی عمید آصف نے ہی آؤٹ کیا،وہ  دو رن بناکر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ افتخار احمد 9 رنز بنانے کے بعد کرس جارڈن کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔شاداب خان اور آندرے رسل کو بالترتیب 2 اور 11 کے انفرادی اسکور پر ابتسام شیخ نے آؤٹ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد سمیع تھے جو 6 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ تھری  کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو میچ میں جیت  کیلئے 177 رنز کا ہدف دیا تھا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے اوپنرز کامران اکمل اور تمیم اقبال نے اپنی ٹیم کو 69 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا خصوصاً کامران اکمل  تین چھکوں اور سات چوکوں مدد سے 32 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی تاہم سمیت پٹیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

کامران اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد تمیم اقبال اور ڈیوائن اسمتھ نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 121 کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال 39 رنز بنا کر آندرے رسل کی باؤلنگ کا شکار بن گئے۔

ڈیوائن اسمتھ بھی 21 گیندوں پر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فہیم اشرف نے اپنی ہی گیند پر ان کا کیچ لیا۔فہیم اشرف نے اپنے اگلے اوور میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو بولڈ کر دیا، سیمی نے 6 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 9 رنز بنائے۔

اختتامی اوورز میں محمد حفیظ نے ٹیم کا 200 رنز تک پہنچانے کی کوشش کی لیکن  پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 176 رنز ہی بنا سکی، حفیظ نے 22 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ رومان رئیس، آندرے رسل، محمد سمیع اور سمیت پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان رومان رئیس نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ میں آج کپتان مصباح الحق کی جگہ رومان رئیس کپانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں لیوک رونچی، چاڈوک والٹن، آصف علی، افتخار احمد، حسین طلعت، سامت پٹیل، آندرے رسل، شاداب خان، فہیم اشرف، رومان رئیس اور محمد سمیع شامل ہیں۔ ۔

پشاور زلمی کی ٹیم  کامران اکمل، تمیم اقبال، محمد حفیظ، ڈیوائن اسمتھ، ڈیرن سیمی، عمید آصف، وہاب ریاض، ابتسام شیخ، کرس جورڈن اور محمد اصغر پر مشتمل ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا پی ایس ایل تھری میں یہ پہلا میچ  ہے، جو  مصباح الحق کی قیادت میں پی ایس ایل کا پہلا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔دوسری جانب دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو رواں سیزن کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

خیال رہے کہ آج پی ایس ایل کا دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔کوئٹہ کو پی ایس ایل تھری کے پہلے میچ میں کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ لاہور قلندرز کو ملتان سلطانز نے 43 رنز سے شکست دی تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن 22 فروری سے شروع ہوچکا ہے جس کے ابتدائی میچز دبئی اور شارجہ  میں جب کہ سیمی فائنلز20 اور 21 مارچ کو لاہور میں ہوں گے اور فائنل 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔