پلانٹ فار پاکستان مہم نے کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے

اسلام آباد: وفاقی حکومت کے تحت ملک بھر میں گزشتہ روز ایک روزہ شجر کاری مہم چلائی گئی تھی۔ جس نے کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔

گزشتہ روز ملک بھر میں ہونے والی شجر کاری مہم میں صرف 24 گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں 27 لاکھ پودے لگائے گئے اورعوام الناس خصوصاً نوجوانوں نے شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ پنجاب میں 8 لاکھ 9 ہزار 8 سو 22، خیبر پختونخوا میں 11لاکھ 39 ہزار 4 سو، گلگت میں 83 ہزار 8 سو، آزاد کشمیر میں 30 ہزار، بلوچستان میں 95 ہزار پودے لگائے گئے۔

 ملک میں ابتدائی طور پر 15 لاکھ پودے لگانے کا ہدف رکھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 2 ستمبر کو اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج ملک گیر شجرکاری مہم کا آغاز کیا ہے اور عوام پاکستان کو سرسبز بنانے کی تحریک میں میرا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ملک میں طرز حکمرانی اچھی کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور تمام ترتوجہ سادگی، اینٹی کرپشن اور میرٹ پر ہے۔

حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ شجر کاری مہم کا مقصد عوام، مختلف کمیونٹیز، تنظیموں، کاروباری و تجارتی افراد، سول سوسائٹی اور حکومت کو مشترکہ طور پر درختوں کو اُگانا ہے۔