حکومت گیس چوروں کے خلاف متحرک

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم ڈویژن کو گیس چوروں کے خلاف روک تھام کے لیے متحرک ہدایت دی۔

پرائم منسٹر ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تیل و گیس کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں میں  وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، ایڈیشنل سیکرٹری انچارج پیٹرولیم ڈویژن میاں اسعد حیا الدین اور سینئر سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری انچارج پٹرولیم ڈویژن میاں اسعد حیا الدین نے وزیراعظم عمران خان کو ملک میں گیس اور تیل کے شعبہ میں طلب اور رسد کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

 اسعد حیا الدین نے وزیراعظم کو ”تاپی “ اور پاک ایران گیس پائپ لائن کی تعمیر اور فعالیت پر پیش رفت کے ساتھ ساتھ دیگر اہم منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ جو ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے زیر غور ہیں۔

میاں اسعد حیا الدین نے گیس کی فروخت کی قیمتوں کو مناسب بنانے، قابل وصول رقوم کی وصولی، پالیسیوں پر عدم عملدرآمد اور ان میں ہونے والی تبدیلی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو نقصان پہنچتا ہے جبکہ گزشتہ پانچ سال کے دوران تیل و گیس کی تلاش کے بلاکس ایوارڈ نہ کرنے سمیت مختلف مسائل کو بھی اجاگر کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ تیل و گیس کے شعبہ کے مختلف مسائل کے حل کے لئے واضح نظام الاوقات کے ساتھ جامع لائحہ عمل جلد از جلد پیش کیا جائے۔