ٹاسک فورس کا مقصد کھیلوں میں بہتری کیلئے اصلاحات، تجاویز دینا ہے، وزیراعظم

Imran-khan

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ٹاسک فورس کا مقصد کھیلوں میں بہتری کیلئے اصلاحات، تجاویز دینا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کھیلوں کے حوالے سے بین الصوبائی رابطے کی وزارت کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا ، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی، سیکرٹری آئی پی سی جمیل احمد، ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ عارف ابراہیم سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

وفاقی سیکریٹری جمیل احمد نے وزیراعظم عمران خان کو وزارت اور اس سے منسلک محکموں بشمول پاکستان سپورٹس بورڈ، پی سی بی، انٹربورڈ کمیٹی آف چیئرمین، پاکستان ویٹرنری میڈیکل کونسل ، نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنس آرٹس اور نیشنل انٹرن شپ پروگرام کی کارگردگی کے بارے میں بریفنگ دی جب کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے کی ترجیحات پر بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی شرکت کیلئے انٹرن شپ پروگرام کو مضبوط بنایا جائے گا اور ملک میں نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے میدان بہتر بنائے جائیں۔ ٹاسک فورس کا مقصد کھیلوں میں بہتری کیلئے اصلاحات، تجاویز دینا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام زیرالتواء منصوبوں کا ازسرنوجائزہ لیا جائے تاکہ ان کی افادیت اور ابھی تک عدم تکمیل کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔