وزیراعظم سے چیئرمین واپڈا کی ملاقات

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے چیئرمین جنرل (ر) مزمل حسین سے ملاقات کی۔ جس میں انہوں نے دیامربھاشا اور مہمند ڈیمز کی جلد تکمیل پر زور دیا۔

وزیراعظم عمران خان کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ آج چیئرمین واپڈا سے ملاقات کی ہے اور ڈیم کی جلد از جلد تعمیر کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ میں ڈیم کی تعمیر کے کام کی خود نگرانی کروں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پانی کا بہاؤ 45 ایم اے ایف ہے اور پاکستان میں صرف 185 ڈیمز ہیں۔ ان ڈیمز میں سے صرف 2 ہی بڑے ڈیم ہیں اور اس کے مقابلے میں بھارت میں 5 ہزار ڈیمز ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین میں 4 ہزار بڑے ڈیمز سمیت 84 ہزار ڈیمز ہیں اور ہمیں پاکستان میں پانی کے بحران کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے حصے میں سالانہ 45 ملین ایکڑ فٹ پانی آتا ہے جس کا 80 فیصد 3 ماہ جبکہ بقیہ 20 فیصد باقی 9 ماہ میں آتا ہے۔